Home » شیرانی رلی » حمیرا صدف حسنی

حمیرا صدف حسنی

سچ بولو گے؟۔۔۔۔

انسانوں کے بھیس میں بیٹھے
وحشی کو وحشی بولو گے۔۔۔۔
کٹ جاؤ گے مر جاؤ گے
دیواروں میں چنواؤ گے
زندانوں میں جل جاؤ گے
سچ بولو گے؟ مر جاؤ گے
بیچ سڑک میں آ کر کوئی
چند پیسوں کی اک گولی سے
چھین کے سانسیں لے جائے گا
جرم وہ کر کے بچ جائے گا
اور عدالت کے دروازے
کھٹکاؤ گے۔۔۔۔ پس جاؤ گے

سچ بولو گے؟ مر جاؤ گے
روٹی پانی گھر کی قیمت
ہاتھ میں لے کے کشکول اپنا
حق کی بھیک بھکاری بن کر
مانگتے مانگتے تھک جاؤ گے
کیا پاؤ گے؟؟؟
سچ بولو گے؟؟؟ مر جاؤ گے
قاتل۔ بیٹھے جشن منائے
اور مظلوم کا نوحہ؟
کوئی سن نہ پائے۔۔۔۔
ظلم کے آگے ڈٹ جاؤ گے؟؟؟
سچ بولو گے؟؟؟ مر جاؤ گے۔۔۔۔۔
دین دھرم کی باتیں کرتے
سب کے آئینے ہیں دھندلے
سب اسٹیج کے ہیں کیریکٹر
کس کردار کو جھٹلاو گے؟؟؟
سچ بولو گے؟؟؟ مر جاؤ گے
اور حوا کی۔ بیٹی کوئی
جب ناموس کی۔ خاطر اپنی
مر جاتی ہے لٹ جاتی ہے
ہر ماں چپ کی چادر اوڑھے ڈر جاتی ہے
سچ بولو گے؟؟؟؟ لٹ جاؤ گے
مر جاؤ گے۔۔۔
خاموشی کے مارے لوگو
اپنے آپ سے ہارے لوگو
چپ ہی سادھو۔۔۔۔ چپ ہی سادھو!!!!۔

نظم 

اے میری نظم۔۔۔۔
پہناؤں کیسے تمھیں
اپنے لفظوں کے
زخمی۔۔۔ پھٹے پیراہن
آنسوؤں کا کفن
اے میری نظم
تم ہی کچھ تو کہو۔۔۔۔۔۔۔۔
درد لفظوں میں
کیسے کروں میں بیاں۔۔۔۔۔؟
کیسے لکھوں میں
رنج و الم؟؟؟
اپنے جذبات سے۔۔۔
کیسے رکھوں میں
انسانیت کا بھرم
میں کروں کیسے دنیا کی منظرکشی؟؟؟
ظلم کی انتہا۔۔۔۔۔۔۔۔ بے حسی
روح کی بے بسی
اے میری نظم
تم ہی کچھ تو کہو
کیسے۔ لکھوں میں
نازک سی کلیوں کا
یوں روندنا
اور جھلستی ہوئی
تتلیوں کا بدن
اے میری نظم
تم ہی کچھ تو کہو
درد لفظوں میں
کیسے کروں میں بیاں

اماوس 

اے میرے شہر نا پرساں
روایت کی امین
اے گل زمین
گلی کوچوں میں تیرے
بازگشت مہر و وفا کی تھی
اے میرے شہر نا پرساں
تمہارا غم نہیں کچھ کم
صبح سورج کی کرنوں میں
اور ڈھلتی شام
چلتن کی اداسی میں
بہت نمناک سا موسم
اے میرے شہر نا پرساں
تیری ٹھنڈی ہواؤں کو
وفاؤں کو… نظر کس کی لگی ہے
اے میرے شہر نا پرساں
تمھارا غم
میرے کمزور کاندھوں پر
مجھے نڈھال کرتا ہے
بہت بیحال کرتا ہے
اے میرے شہرناپرساں
تمھاری چاندنی راتیں
اماوس بن گئی ہیں

Spread the love

Check Also

سوچوں کے مضافات ۔۔۔ نسیم سید

روح رقصاں ہے یوں جیسے مجذوب گھنگھرو مزاروں کے یا دائرہ وار صوفی بھنور خواب ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *