Home » حال حوال » سنگت پوہ زانت ۔۔۔ رپورٹ:عبداللہ شوہاز

سنگت پوہ زانت ۔۔۔ رپورٹ:عبداللہ شوہاز

سنگت اکیڈمی آف سائنسز کا ماہانہ ’’پوہ زانت ‘‘اجلاس 29 اپریل 2018ء کو پروفیشنل اکیڈمی کوئٹہ میں منعقد ہوا ۔صدارت سنگت اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر ساجد بزدار نے کی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے علم و ادب دوست چالیس سے زائد افراد نے اس میں شرکت کی ۔
اجلاس کا آغاز ڈاکٹر عطاء اللہ بزنجو نے ایک شعر سے کیا ۔ حاضرین کو خوش آمدید کہنے کے بعد بلوچستان میں موسیقی اور اس کے فروغ میں استاد حضور بخش مستانہ پر مضمون پڑھنے کے لئے وحید زہیر کو دعوت دی گئی ۔ وحید زہیرنے بتایا کہ جب بچپن میں مستانہ کو موسیقی کے شوق نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تو اس کی والدہ نے اس کے لئے ایک ہارمونیم کا اہتمام کیا ۔وہ اپنے استاد سے متاثر ہوا جو ہارمونیم بڑے خوبصورت انداز میں بجایا کرتا تھا ۔ چنانچہ رفتہ رفتہ وہ مکمل طور پر موسیقی سے منسلک ہوگیا ۔ اس میں خاص بات یہ تھی کہ وہ موسیقی کو پوری انسانیت کا ورثہ تصور کرتا تھا ۔ جب ضعیف العمری میں کوئٹہ کے موسیقی کے حوالے سے اس سے دریافت کیا گیا تو اس نے آہ بھرتے ہوئے کہا ’’یہاں موسیقی کے تار ٹوٹے ہوئے ہیں ‘‘۔
نورخان محمد حسنی نے کہا کہ سلطان نعیم قیصرانی ایک ماہرِ تعلیم اور بلوچی زبا ن و ادب کے حوالے سے ایک عظیم شخصیت تھے ۔ اس کی رحلت بلوچی زبان و ادب کے لئے ایک برا خسارہ ثابت ہوا ۔ وہ تعلیم کے ساتھ بلوچی میں شاعری اور تراجم بھی کرتا رہا ۔ وہ ہمیشہ سے اس بات کا حامی تھا کہ بلوچی زبان کو دوسری زبانوں کی صف میں لاکھڑا کیا جائے ۔ خاص طور پر تعلیم کے میدان میں اس کی خدمات اہم ہیں ۔
سلطان نعیم قیصرانی کے فرزند شاہد قیصرانی نے اپنے والدکی نجی زندگی اور گھریلو معاملات پر تفصیلی گفتگو کی ۔ اس نے کہا کہ ہمیں شاذ و نادر ہی موقع ملتا کہ ہم اس کے ساتھ رہیں ۔ وہ ہمیشہ سے دوستوں کی ملکیت میں رہا۔ ہر وقت دوستوں کے جم غفیر میں رہنے سے ہی اسے سکون ملتا تھا ۔ اس میں ایک اہم بات یہ تھی کہ وہ کبھی بھی دولت اور عہدے کی لالچ میں راستے نہیں بدلتا تھا۔ اپنے معاملات کو ہمیشہ خود ہی سنبھالتا ۔ کبھی اپنا بوجھ دوسروں پر ڈالنے کا حامی نہ تھا ۔
محترم مصری خان جو سلطان نعیم کے پرانے دوست واحباب میں سے ہے ،نے کہا کہ ، وہ ہر میدان میں ایک مکمل انسان کی حیثیت سے سرگرمِ عمل رہا ۔ وہ ہمہ وقت سیاست ، ادب اور تعلیم سے وابستہ رہا ہے ۔ جب باقاعدہ طور پر کمیونسٹ پارٹی سے منسلک ہوا تو اس نے طبقاتی معاشرے کے خلاف علمِ بغاوت بلند کی اور اپنی تحریر و تقریروں میں تادمِ مرگ اس کی مخالفت کرتا رہا ۔
سلطان نعیم قیصرانی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے شاہ محمد مری نے کہا کہ سنگت اکیڈمی جو عصرِ حاضر میں ترقی پسند قلمکاروں کا پلیٹ فارم ہے اس کا گرینڈفادر’’لوز چیدگ ‘‘تھا ۔ سلطان نعیم قیصرانی اس کا صدر تھا ۔ شاہ محمد مری نے کہا کہ وہ فیوڈل از م کا سخت مخالف اور سماجی انصاف کے نفاذ کا زبردست حامی تھا ۔ ذاتی طور پر بھی وہ بہت ہی خوش مزاج انسان تھا ۔ فلسفہ وادب پر اس نے بہت اچھے مضامین لکھے۔ وہ بلوچی موسیقی میں بھی کافی ماہر تھا ۔ بچوں کے ادب پر اس نے کافی کام کیا لیکن ابھی تک وہ کتابی صورت میں شائع نہیں ہوئے ۔
صدرِ مجلس ڈاکٹر ساجد بزدار نے کہا کہ سلطان مرا نہیں ہیں بلکہ ایک فکر و تصوّر کی صورت میں ہمیشہ ہمارے درمیان موجود رہے گا ۔ اس نے یہ اعلان بھی کیا کہ سنگت اکیڈمی کی طرف سے سلطان نعیم قیصرانی کے کتب کی اشاعت کا اہتمام کیا جائے گا ۔
عبداللہ شوہاز نے قرار دادیں پیش کیں جو کہ منظوری کی گئیں:۔
۔1:اجلاس فرقہ وارانہ قتل وغارت کی مذمت کرتا ہے اور ریاست سے ہر شخص کی جان ، مال اور عزت کے تحفظ کا مطالبہ کرتا ہے ۔
۔2:بورژوا سیاسی رہنماؤں کی بد عنوانی ، نااہلی اور بدمعاشی کے باوجود ہم جمہوریت کو ڈکٹیٹر شپ پر ترجیح دیتے ہیں ۔ اس لئے پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بقاء اور ترقی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔
۔3:سنگت اکیڈمی آئین میں آٹھارویں ترمیم (جس کے تحت صوبائی خودمختاری حاصل ہوئی ہے )کو رول بیک کرنے کی ہر کوشش کی مخالفت کرتی ہے ۔
۔4:آج کا اجلاس یومِ مئی کے شکاگو کے مزدوروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے ۔
۔5: آج کا اجلاس روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے ۔
۔6: آج کا اجلاس فنکاروں اور گلوکاروں کی حالتِ زار اور کسمپرسی کی مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ ان کی سرکاری سرپرستی کو یقینی بنایا جائے ۔
۔7: آج کا اجلاس بلوچستان کے مسئلے کے سیاسی حل کا ایک بار پھر اعادہ کرتا ہے ۔
۔8:آج کا اجلاس شمالی و جنوبی کوریا کے بیچ ہمسائیگی کے تعلقات کی بحالی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور اس قسم کے مذاکرات پاکستان ، انڈیا اور افغانستان پر مشتمل خطے میں بھی دیکھنا چاہتا ہے ۔

Spread the love

Check Also

سنگت پوہ زانت ۔۔۔ جمیل بزدار

سنگت اکیڈمی آف سائنسزکوئٹہ کی  پوہ زانت نشست 25 ستمبر 2022 کو صبح  گیارہ بجے ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *