تاریخ میں بہت سے ممالک میں انقلابی پارٹی اپنے اخبار کا نام اختیار کر کے بنی۔ یعنی مختلف جگہوں پر اخبار کے نمائندوں ہی پہ پارٹی استوار کی گئی۔افغانستان میں خلق ڈیموکریٹک پارٹی وہاں ”خلق “ نامی اخبار کے گرد بنی۔ خود ہماری سنگت اکیڈمی ہمارے رسالہ سنگت کی نسبت سے قائم ہوئی۔
سنگت عظیم علمی اور سائنسی ورثے یعنی مارکسزم کی تعلیمات کو قارئین تک پہنچاتا رہاہے۔ وہ بین الاقوامی حالات کا سائنسی تجزیہ پیش کر تا ہے۔ اور ملک میں سماجی ترقی کے قوانین حرکت کا جائزہ لیتاہے۔ اور محنت کش عوام کو مارکسی نظریات سے لیس کرتاہے تاکہ عوام سماجی ترقی میں راہنما یا نہ کردار ادا کر سکیں۔ اور ایک غیرطبقاتی اور غیر استحصالی سوشلسٹ سماج کا قیام عمل میں لانے کے لئے اپنا تاریخی فریضہ پورا کر سکیں۔ اور سماج کو تعمیر و ترقی کی اس راہ پر ڈال سکیں جو با مقصد اور پر مسرت زندگی یعنی سوشلزم کی طرف جاتا ہے۔وہ سوشلسٹ ملکوں کی معاشی ، سماجی اور ثقافتی زندگی کے بارے میں اطلاعات بہم پہنچاتاہے۔ سنگت میگزین ترقی یافتہ سرمایہ دار ملکوں کے معاشی اور سیاسی اور ثقافتی بحرانوں کا احوال بتاتا ہے۔وہ نوآزاد ترقی پذیر ممالک کے حالات پر روشنی ڈالتاہے۔ اور ان کی ترقی کے تقاضوں سے بحث کرتاہے۔ وہ قومی آزادی ، امن اور ترقی اور سوشلزم کی تحریکوں کی حمایت کرتا چلا آیاہے۔
سنگت دنیا بھر کے محنت کشوں کے اتحاد اور پرولتاری بین الاقوامیت کا نقیب ہے اور وہ معاشی ترقی ، عوام کی خوشحالی اور سوشلزم کی طاقتوں کا مشعل بردار رہا ہے۔
رسالہ پارٹی کو بڑی ، منظم اور باشعور بنانے میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ایک باشعور انقلابی پارٹی کے بغیر محنت کش عوام خود بخود واقعات پہ کسی گہری تفہیم تک نہیں پہنچ سکتے۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ عوام کسی صبح نیند سے اٹھےں تو آٹو میٹک انداز میں اپنے تاریخی فریضہ کا احساس کریں۔
ورکنگ کلاس کو خود کو درپیش چیلنجوں کو سمجھنے میں مددکے لیے ایک تنظیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی طرح عوامی تنظیم کو اپنے خیالات کو منتقل کرنے کے لیے ایک اوزار کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ اوزار اخبار و رسالے کی شکل میں ہو تاہے۔۔۔ بلوچستان میں حالیہ چار دھائیوں میں یہ فریضہ رسالہ سنگت نے ادا کیا۔( اس میں 1990 سے 1997 تک چلنے والے نوکیں دور کے آٹھ سال بھی شامل ہیں)۔
سنگت بلوچستان کے عوام کے حقوق کاعلمبردار رسالہ ہے۔ یہ ہماری تحریک کی انوکھی پیداوار ہے۔ یہ ہماری انقلابی تحریک کے اگلے مورچوں کا لڑاکا ہے۔اِس سال ہم اس کی 28ویںسالگرہ منائیں گے۔
ٍ سنگت یہاں کے انقلابی طبقات کی آواز ہے۔اس طرح یہ طرفدار رسالہ رہا ہے ، ایک طبقاتی اپروچ رکھنے والا رسالہ۔
سنگت لیفٹ اور ا±ن کے متحدہ محاذ یعنی لیفٹ یونٹی کے قیام کے لیے کام کرتا ہے ۔سنگت ملی ٹنٹ ٹریڈ یونین ازم کے لیے لڑتا ہے۔ یہ ورکنگ کلاس کی تنظیم کاری اور اتحاد کا علمبردار ہے۔یہ بلوچ قومی حق خود اختیاری کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔
سنگت محض ہماری تنظیم کے لیے ایک میگافون نہیں ہے۔ بلکہ وسیع تحریک کا پبلی کیشن بھی ہے جس کا کہ ہم حصہ ہیں۔ مثلاً محنت کش طبقات کے حقوق کی تحریک ،جمہوریت کو فاشزم سے بچانے والی تحریک اور قومی جبر سے نجات کی تحریک۔۔۔
بہ یک وقت تنظیم اور تحریکوں کی آواز ہونا ، متضاد تو نظر آتے ہیں مگر ایسا نہیں ہے۔ اس لیے کہ سنگت تنظیم اور تحریکوں کے درمیان لنک ہے۔ یہ ہمارے خیالات تحریکوں تک لے جاتا ہے جبکہ تحریکوں کی سوچ اور تجربہ کو ہماری تنظیم کی سٹریٹیجی اور ٹیک ٹکس کے ڈویلپ کرنے میں لے آتا ہے۔
سنگت اکیڈمی سے رشتہ سنگت رسالے کی طاقت کا سرچشمہ ہے۔
ان ساری چیزوں کے لیے ایک لڑاکا کے بطور سنگت باقاعدگی سے مزدوروں ، ماس موومنٹ لیڈروں اور پراگریسو منتخب شدہ عہدیداروں (جو کہ شعور تعمیر کرتے ہیں اور عوام کو آرگنائز کرنے میں حصہ ادا کرتے ہیں)کی آوازوں کو مرکز بناتا ہے۔
رسالہ سنگت پروڈیموکریسی ، انٹی کارپوریٹ اور آزاد میڈیا الائنس کا حصہ ہے۔ یہ کارپوریٹ میڈیا سے نظر انداز کردہ لوگوں کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے۔ سنگت ، میڈیا مناپولی اور رائٹ ونگ پروپیگنڈہ نظام کے خلاف جنگ کرتا رہا ہے۔
سنگت کی مدد سے سنگت اکیڈمی ایسی شکل اختیار کیے رہی جو نہ صرف مقامی سرگرمیوں میں شامل ہوئی بلکہ ملکی اور بین الاقوامی مجموعی انقلابی کام میں بھی۔ سنگت ، تنظیم کے ممبروں کو سیاسی واقعات کو احتیاط سے فالو کرنے کی تربیت دیتا ہے ، ان کی اہمیت کو جانچنے کی طرف متوجہ کرتا ہے اور ان ذرائع کو ڈویلپ کرتا ہے جو تنظیم کو ان واقعات پر متاثر ہونے کا موقع دیتا ہے۔
اس طرح سنگت ایک جالا یعنی web ہے جو مقامی جدوجہدوں اور تنظیمی برانچوں کو مربوط سیاسی کام میں اکٹھا رکھتا ہے۔ یہ ایک ایسا ذریعہ بھی ہے جہاں ایجوکیشن واقع ہوتا ہے ، جہاں واقعات مارکسسٹ تجزیہ کو ڈویلپ اور مضبوط کرتے ہیں۔
سنگت ایک ایسا میڈیم ہے جس کے ذریعے سنگت اکیڈمی اپنے ممبروں ، اور ہمدردوں تک اپنی سوچ پہنچاتی ہے۔ یہ بڑے سامعین کے سامنے کپٹلزم کے بحران کو پیش کرنے اور سوشلزم کو اس کے حل کے بطور سامنے لانے کا ذریعہ ہے۔ یہی تو نظام میں تبدیلی لانے کے لیے محنت کشوں کے مرکزی کردار کو ہائی لائٹ کرتا ہے۔
سنگت عظیم علمی اور سائنسی ورثے یعنی مارکسزم کی تعلیمات کو قارئین تک پہنچاتا رہا ہے۔ وہ بین الاقوامی حالات کا سائنسی تجزیہ پیش کرتارہاہے۔ اور پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں سماجی ترقی کے قوانینِ حرکت کا جائزہ لیتارہاہے۔ سنگت محنت کش عوام کو مارکسی نظریات سے لیس کرتا رہاہے تاکہ وہ سماجی ترقی میں راہنما یا نہ کردار ادا کر سکیں، اور ایک غیرطبقاتی اور غیر استحصالی سماج کا قیام عمل میں لانے کے لئے اپنا تاریخی فریضہ پورا کر سکیں، سماج کو تعمیر و ترقی کی اس راہ پر ڈال سکیں جو با مقصد اور پر مسرت زندگی یعنی سوشلزم کی طرف جاتا ہے۔
سنگت عوام کو ان کے کلچر کی اہمیت سے آگاہ کرتا رہا ہے۔ انہیں عوامی تاریخ سے بلد کرتا رہا ہے۔ سنگت عوامی ادب ، شاعری اور موسیقی کو اجاگر کرتا رہا ہے۔ سنگت اپنے قارئین میں مائتھالوجی ، اور آرکیالوجی کی ش±د بد پیدا کرتا رہا ہے۔ سوشل سائنسز میں بورڑوازی کی طرف سے پھیلائی ہوئی گمراہی کو مسترد کرتے ہوئے سنگت عوامی نظریات کو فروغ دیتا رہا ہے۔ سنگت عورتوں کے بارے میں سماج کے اندر موجود تعصبات کو دور کرتا رہا ہے۔ اسی طرح یہ مذہبی اور نسلی اقلیتوں کے بارے میں اپنے قارئین کے اندر وسعت قلبی اور وسیع النظری پیدا کرتا رہا ہے۔
سنگت سوشلسٹ ملکوں کی معاشی ، سماجی اور ثقافتی زندگی کے بارے میں اطلاعات بہم پہنچاتا رہاہے۔ وہ ترقی یافتہ سرمایہ دار ملکوں کے معاشی اور سیاسی اور ثقافتی بحرانوں کا حال بتاتا رہاہے۔اسی طرح وہ ترقی پذیر ممالک کے حالات پر روشنی ڈالتارہا ہے۔ اور ان کی ترقی کے تقاضوں سے بحث کرتارہا ہے۔ سنگت قومی آزادی ، امن ، ترقی اور سماجی انصاف کی تحریکوں کی حمایت کرتا رہاہے۔
سنگت دنیا بھر کے محنت کشوں کے اتحاد اور پرولتاری بین الاقوامیت کا نقیب رہا۔
المختصر سنگت مندرجہ ذیل کام کرتا رہا ہے :
*یہ عوام اور انقلابی تنظیم کے درمیان ،تنظیم کے کارکنوں کے اپنے درمیان ،اور تنظیم کے کارکنوں اور لیڈر شپ کے درمیان رابطے کا ہتھیار ہے۔
*سنگت نظریاتی ستھرائی کو بڑھاوا دینے کا کام کرتا ہے۔
*سنگت روز مرہ سیاست میں بہتر سائنسی موقف اپنانے میں راہنمایا نہ رول ادا کرتا ہے۔
* یہ سنگت اکیڈمی آف سائنسز کے ورکرز کے لیے تازہ آکسیجن کا کام دیتا ہے۔
*اس سے تنظیم کے اتحاد ،ڈسپلن اور آرگنائزیشن کو زبردست تقویت ملتی ہے۔
*یہ سنگت اکیڈمی کے پروپیگنڈہ کا ایک مسلسل ہتھیار ہے۔
* ایجی ٹیشن کے زمانوں میں سنگت ،بہت موثر رہا ہے۔
المختصر ،ماہنامہ سنگت، سنگت اکیڈمی کی لائف لائن ہے۔ چنانچہ ہر ممبر کے لیے سنگت کا نہ صرف انفرادی طور پر پڑھنا ضروری ڈیوٹی ہے بلکہ اسے تنظیمی کمیٹیوں اور یونٹوں میں پڑھنا اور اس پہ بحث کروانا بھی لازمی ہوتا ہے۔