سنگت اکیڈمی آف سائنسز لکھنے ، پڑھے ، غور کرنے ، سوچنے ، بولنے اور عمل کرنے والے لوگوں کی ایسی تنظیم ہے کہ جو اس بات کی قائل ہے کہ اس دنیا کو عام انسانوں کے رہنے کے لیے خوبصورت بنایا جائے ۔اس کے لیے ضروری ہے کہ بغیر کسی طبقاتی ، صفی، نسلی ، لسانی یا علاقائی تقسیم کے ہر انسان کو محنت کرنے اور اس محنت کا پوراپھل حاصل کرنے کا حق ہونا چاہیے ۔ ہر انسان کو سیاسی اور سماجی حقوق ملنے چاہییں چاہے وہ کسی طبقے ، علاقے یا جنس سے تعلق رکھتا ہو۔ تعلیم ، زراعت ، کاروباریا ملازمت پر کسی ایک یا چند گروہوں کی اجارہ داری نہیں ہونی چاہیے ۔ کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ اس دنیا میں شروع سے عام جنگوں ، مساوات ، نا انصافیوں اور خونریزوںسے ایک ہی عنصر نظر آتا ہے کہ سب کچھ میرا یا میرے گروہ کا ہے کیونکہ میں اہم سب سے افضل ہیں ، اشرف ہیں۔ اس اشرفیت کے واہمے نے دنیا کی حقیقت کو بگاڑا ہے ۔
قدیم سوبوٹمبا کے اولین حکمران جن کو یہ معلوم بھی نہ تھا کہ دراصل زمین کتنی بڑی ہے اور کس شکل کی ہے وہ بھی لکھواتے تھے کہ آسمان نے مجھے زمین کے چاروں کونوں کا حکمران بنایا ہے ۔ سکندر ، چنگیز، تیمور، نپولین،اور ہٹلر نے اسی واہمے کے پیچھے دنیا کو جہنم بنائے رکھا ۔
معلوم انسانی تاریخ بلکہ قبل از تاریخ کے آثار بھی اس بات کی گواہی دیتے ہیںکہ اجارہ داری اور غاصب ہونے کے عمل کے باعث ہی کروڑوں زندگیاں ضائع ہوئیں اور اربوں زندگیاں زندگی جیسی نعمت کی نعمتوں سے محروم ہیں۔
زمین کے جس حصے پر ہم رہتے ہیں وہاں پر جہالت ، فرسودگی ، لایعینت ، ہر طرح کا تعصب اور بے عملی یا کم عملی عروج پر ہے ۔خلقِ خدا کی حیات غاصبیت کے ہاتھوں گروی ہے ۔ اس صورتحال کو بدلنے کے لیے سائنسی کوششیں تو گذشتہ دوتین صدیوں سے جاری ہیں لیکن ابھی ایک طویل سفر باقی ہے ۔ تبدیلی کی کوشش اس وقت بار آور ہوتی ہے کہ جب منظم طور پر کی جائے ۔ اسی لیے یوسف عزیز مگسی کی فکری و عملی تحریک مختلف ادوار میں مختلف ناموں سے تنظیمی شکل اختیار کرتی رہی اور 1997میں سنگت اکیڈمی آف سائنسز کے نام سے ایک بار پھر کام کرنا شروع کردیا۔ سنگت اکیڈمی ایک ترقی پسند، نظریاتی تحریک کے طو رپر باقاعدہ منظم انداز میں کام کرتی ہے ۔ کام کرنے کے لیے مختلف شعبے قائم ہیں جو کہ طے شدہ قواعد ضوابط کے تحت کام کرتے ہیں۔
سنگت کا تنظیمی ڈھانچہ کچھ اس طرح ہے ۔
1۔ نو رکنی سنٹرل کمیٹی
2سیکریٹری جنرل
3۔ سنگت سیکریٹریٹ
4۔ ڈیلیگیٹ کانگریس
5۔ جنرل باڈی
سنگت اکیڈمی کی مستقل سرگرمیوں میں ماہانہ سنگت پوہ زانت، سنٹرل کمیٹی میٹنگ، جنرل باڈی میٹنگ اور سنگت سیکریٹریٹ کی کار کردگی شامل ہے ۔
سنگت سنٹرل کمیٹی
یہ کل نو ممبرز پر مشتمل ہوتی ہے ۔ سنٹرل کمیٹی کو سنگت کی ڈیلیگیٹ کانفرنس میں منتخب کیا جاتا ہے ۔ ہر تیسرے مہینے سنٹرل کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے جس میں اکیڈمی کے مختلف کاموں کا جائزہ ، سنگت کانگریس میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں لیا جاتا ہے ۔ اور اگر کوئی نئی صورتحال پیش آئے تو اس کے بارے میں فیصلہ کیا جاتا ہے ۔ کمیٹی کے اجلاس کی روداد ، حرف بہ حرف نوٹ کی جاتی ہے جو کہ سنگت رسالے اور سنگت کے وٹس ایپ گروپس میں شائع ہوتی ہے ۔
سنگت سیکریٹریٹ
سنٹرل کمیٹی اپنے نو ارکان میں سے تین کو سنگت سیکریٹریٹ کے لیے منتخب کرتی ہے یہ تین ارکان سیکریٹری جنرل کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔ خصوصاً سنٹرل کمیٹی کی سہ ماہی میٹنگز کے درمیانی عرصے میں در پیش ہونے والی صورتحال کو دیکھتی ہے ۔
سیکریٹری جنرل کے ساتھ دیگر تین سیکریٹریز کے فرائض مندرجہ ذیل ہیں۔
”سیکریٹری مینجمنٹ کے ذمہ سنگت کے فنکشن کا انتظام کرنا جس میں دعوت نامہ ، مقالے جمع کرنا، فنکشن کی روداد لکھنا اور بک سٹال لگانا ہے ۔
ii۔ سیکریٹری لیبر کا کام مختلف شعبوں کے مزدوروں سے رابطہ رکھنا ہے جیسے ماہی گیر ، کانکن ، دست کار اور کسان وغیرہ
(iii) سیکریٹری صحت ، تعلیم ، آﺅٹ ، کلچر
جنرل باڈی
یہ باڈی سنگت اکیڈمی کے تمام ارکان پر مشتمل ہوتی ہے ۔ سنٹرل کمیٹی کے فیصلے جنرل باڈی میٹنگ میں پیش کیے جاتے ہیں اور جنرل باڈی ان تمام فیصلوں کی منظوری ، ترمیم یا استرداد کا حق رکھتی ہے ۔ ایک سال میں جنرل باڈی کی کم از کم دو میٹنگز لازمی ہیں۔
دو سالہ ڈیلیگیٹ کانفرنس
جنرل باڈی کے ہرتین میں سے ایک رکن کو ڈیلیگیٹ کہا جاتا ہے جو کہ دو سالہ کانگریس کے پہلے دن بند کمرے کے اجلاس میں شرکت کرتے ہیں ۔ یہ کانفرنس سنگت اکیڈمی کی پالیسی تشکیل دیتی ہے ۔ سیکریٹری جنرل اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل کا انتخاب کرتی ہے ۔ اکیڈمی کی دو سالہ رپورٹوں پر غور کرتی ہے جن میں سیاسی ، مالیاتی اور تنظیمی پورٹس شامل ہوتی ہیں۔
دوسرے دن کھلا اجلاس ہوتا ہے جس میں اراکین سنگت کے علاوہ دیگر ہم خیال لوگوں کو بھی مدعو کیا جاتا ہے ۔ کھلے اجلاس کے پہلے حصے کی کاروائی سبکدوش ہونے والے سیکریٹری جنرل کے ذمہ ہوتی ہے اس دوران نئے جنرل سیکریٹری ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور سنٹرل کمیٹی کے اراکین سے حلف لیا جاتا ہے ۔ مالیاتی ، تنظیمی اور سیاسی رپورٹ پیش کی جاتی ہے ۔ کھلے اجلاس کے حصہ دوئم میں ، جو کہ نئے سیکریٹری جنرل کی صدارت میں ہوتا ہے ۔ ہر بار کانگریس کی ایک تھیم ہوتی ہے لہذا اس پر بات کی جاتی ہے ۔ نئے سیکریٹری جنرل کا خطاب ہوتا ہے جس میں وہ نئے اہداف اور پالیسی کے بارے میں بات کرتا ہے ۔ اس کے علاوہ کثیر السانی مشاعرہ منعقد ہوتا ہے ۔ اور موسیقی کا اہتمام ہوتا ہے ۔
سنگت پوہ زانت
یہ سنگت اکیڈمی آف سائنسز کی علمی اور فکری نشست ہے جو ہر ماہ کے آخری اتوار کو منعقد ہوتی ہے ۔اس میں سنگت کے ممبران کے علاوہ دیگر احباب بھی شریک ہوتے ہیں۔ اس نشست کی ایک بڑی خوبی تو یہ ہے کہ گزشتہ 27سال سے باقاعدگی سے منعقد ہو رہی ہے ۔ اس نشست میں مختلف النوع موضوعات جن میں سائنس، ادب سماجیات ، سیاست ، تاریخ ، فلسفہ ، آثار قدیمہ اور دیگر موضوعات پر مضامین پیش کیے جاتے ہیں اور حاضرین ان مضامین کے بارے میں اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ افسانے ، انشائیے اور شاعری پیش کی جاتی ہے ۔
کبھی کسی صاحب علم کو مدعو کر کے اس سے اس کے شعبے کے بارے میں لیکچر سنا جاتا ہے ۔