کہاں ہم ملے تھے ؟
کسی خانقہ میں؟
اَزَل یا اَبَد کی رواں سیڑھیوں پر؟
کسی گُل کدہ میں،
یا دریا کنارے،
کہ آتش کدے میں ؟
کسی خواب گہ میں ؟
کسی مقبرہ پر ؟
کسی مدرسہ میں ؟
کسی صومعہ میں ؟
کہاں ہم مِلے تھے؟؟؟؟
بہت غور کرنے کے بعد اَب کُھلا کہ
سرائے تھی کوئی
اور ہم اک سرائے میں شَب بھر رُکے تھے
قدم گَڑ گئے تھے
بدن پر ہمارے حزیں قُربتوں کے نشاں پَڑ گئے تھے