مرگِ شہرِ دانش کا مرثیہ لکھا جائے
اور کیا ہے لکھنے کو اور کیا لکھا جائے
کچھ بھڑاس تو نکلے دل کی چاہے جو بھی ہو
وہ برا لکھا جائے یا بھلا لکھا جائے
جشنِ مرگِ اسرافیل ہم منائیں گے، پہلے
بے حسی کے عالم کا ماجرا لکھا جائے
اپنے سارے عیبوں کو ڈھانپ کر ہی رکھا جائے
اور لہو کے داغوں کو خوش نما لکھا جائے
اپنی اصطلاحوں میں کیجئے ذرا ترمیم
حرف کی کمی ہے کیا کچھ نیا لکھا جائے
رات ہی سہی لیکن رات اس کو کیوں کہئے
ہر طرف چراغاں ہے رت جگا لکھا جائے
سخت سست باتوں سے حوصلہ نہیں ملتا
ہم سے پوچھئے بی بی آج کیا لکھا جائے