ہمیشہ پھیکی چائے بنانے والیاں
جب اپنا گھر سجالیتی ہیں
تو حد درجہ سنگدل ہوجاتی ہیں۔
وہ بہووﺅں کے لیے ماچسوں کی تیلیاں بھی گِن گن کے رکھتی ہیں
کبھی کبھی آنے والے بیٹیوں کے بچّے فرمائشیں کریں
تو ناک بھوں چڑھائے بغیر پوری نہیں کرتیں
اور رات دن بیٹھی
اپنی کفایت شعاریوں کے قصّے
بڑھا چڑھا کے
لڑکیوں پہ طعن وطنزکےساتھ د±ہرایا کرتی ہیں
پھیکی چائے بنانے والیاں
ٹومیٹو کیچپ گھر میں تیار کرنے کی تربیت دیتی ہیں
اور شادی اورسوئم کا حسا ب خو ب جانتی ہیں
وہ عام طور پر جلدی اورآسانی سے مرتی ہیں
اور شکَر کی قیمت مرتے دم تک
یاد رکھتی ہیں۔
ہمیشہ پھیکی چائے بنانے والیاں
شہد کی نہروں کا
بہت زیادہ دن
انتظار نہیں کرپاتیں۔