رُومی کی پیشنگوئی

 

کچھ ایسا ہو جائے گا
کہ ہم ۔۔
ایک دوسرے کی
تنہائی کو چھو سکیں گے
دانائی چکھ سکیں گے
اور محبت ۔۔
ہاں محبت میں
شریک ہو پائیں گے

دُکھ ہمیں دِکھائی دینے لگیں گے
ایک دوسرے کے دکھ ۔۔
خواب ہمیں سنائی دینے لگیں گے
ایک دوسرے کے خواب ۔۔

کچھ ایسا ہو جائے گا
کہ ہمارے ۔۔
سینے کے پنجرے میں
دو دلوں کے دھڑکنے کی
گنجائش پیدا ہو جائے گی

ہمارا دماغ
ایک ہی وقت میں
دو انداز سے سوچ پائے گا

دو مختلف لوگوں کی آنکھیں
ایک ہی منظر پر
بہت دیر تک
مرکوز رہ سکیں گی

کچھ ایسا ہو جائے گا
کہ ہم
جزا اور سزا کے ڈَر کو
شکست دے پائیں گے
اور ایک دوسرے کی جنت میں
رہ پائیں گے

 

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*