سنگت اکیڈمی آف سائنسز کی ماہانہ علمی نشست پوہ و زانت بیاد میر حاصل بزنجو 6 ستمبر کی صبح پروفیشنل اکیڈمی کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔ نشست میں سنگت اکیڈمی کے اراکین کے علاوہ سیاسی سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نشست کی صدارت اکیڈمی کے مرکزی سیکریٹری جنرل پروفیسر جاوید اختر نے کی۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر شاہ محمد مری، ڈاکٹر عطاءاللہ بزنجو، محمد نواز کھوسو نے مضامین پڑھے۔ مقررین نے میر جمہوریت، میر حاصل خان بزنجو کی سیاسی خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کی جمہوری خدمات کو سراہا۔ خصوصاً اٹھارویں ترمیم اور بائیں بازوؤں کی سیاسی قوتوں کو یکجا کرنے کے حوالے سے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ علاؤہ ازیں اس دوران فوت ہونے والے افراد معروف ترقی پسند افسانہ نگار، ادیب رشید مصباح، منصور بخاری، عطااللہ شاہ کے لیے دعا کی گئی جب کہ حیات بلوچ اور شاہینہ شاہین کے قتل کی مذمت کی گئی اور ان کے لیے دعا کی گئی۔ آخر میں قراردادیں پیش کی گئیں جس میں ملکی صورتحال پہ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خصوصاً بی ایم سی بحالی تحریک کے احتجاجی کیمپ کی حمایت کی گئی۔ جب کہ تقریب کے بعد سنگت اکیڈمی کی سینٹرل کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی نے مختلف تنظیمی امور پر تفصیلی مباحثہ کیا اور اہم فیصلے لیے۔ آخر میں سنٹرل کمیٹی اراکین نے وفد کی صورت بی ایم سی بحالی احتجاجی تحریک کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور تحریک کے کارکنوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بطور ایک علمی تنظیم کے ہم اس جائز جدوجہد میں ہر مرحلے پر آپ کے ساتھ ہیں۔
[sharethis-inline-buttons]