بلوچستان کا گرین بیلٹ

نیشنل پارٹی نصیرآباد ریجن کے زیر اہتمام گرین بیلٹ میں پانی کی عدم دستیابی اور کاشتکاروں پر ایف آئی آر درج کرنے کے خلاف جاگیرداروں کے گڑھ جعفرآباد کے ضلعی ہیڈکوارٹر جھٹ پٹ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ صبح سویرے ہی پٹ فیڈر کینال کے ذیلی شاخوں نصیر شاخ، جھڈیر شاخ، ٹیپل شاخ، قیدی شاخ، محبت شاخ، بالان شاخ، باری شاخ، عمرانی شاخ اور کیر تھر کے کاشتکاروں نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ کچھی بولان، نصیرآباد،صحبت پور اور فریدآباد کے کاشتکار شامل ہوئے۔
ریلی کے شرکاء مین کوئٹہ روڈ سے گزرتے ہوئے مزدور چوک پہنچے جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی، آل پارٹیز ایکشن کمیٹی جعفرآباد، بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” بلوچستان کی گرین بیلٹ کو ایک سازش کے تحت بنجر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آبپاشی کے افسران نااہل اور کرپٹ ہیں وہ پیسے لے کر بیرون اور نان کمانڈ ایریا میں پانی بیچ رہے ہیں۔ جس کا ثبوت میرحسن ریگولیٹر سے لیکر منجھو شوری تک نان کمانڈ ایریا بیرون میں چاول کے فصل کی بڑے پیمانے پر کاشت ہے۔ ضلعی انتظامیہ آبپاشی عملداروں کے سامنے بے بس ہے۔ پولیس اپنے حق کے لئے احتجاج کرنے والے کاشتکاروں پر مقدمات درج کر رہی ہے۔ جھٹ پٹ والوں کو جو ذیلی شاخوں کے ٹیل پہ ہیں کو اپنے حصے کا پانی نہیں دیا جا رہا ہے۔ جھٹ پٹ کا ایم پی اے جو صوبائی وزیر بھی ہیں اس سارے معاملے میں عوام سے لاتعلق ہیں۔ اسے عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ضلع جعفرآباد کی انتظامیہ بے بس اور جی حضوری میں ہے۔ رہنماؤں نے محکمہ آبپاشی اور پولیس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ذیلی شاخوں کے ٹیل تک پانی فراہم نہیں کیا گیااور کاشتکاروں پر درج ایف آئی آر واپس نہیں لی گئی تو نیشنل پارٹی آل پارٹیز ایکشن کمیٹی جعفرآباد اور ٹیل کے زمین دار و کاشتکاران کو ساتھ لے کر کمشنر نصیرآباد کے آفیس تک لانگ مارچ کر کے دھرنا دے گی۔ مقررین میں عبدالرسول بلوچ، میر نعیم خان کھوسہ، عبدالستار بنگلزئی، نصیب اللہ کھوسہ، غلام رسول لہڑی، عبدالمجید جتک، غلام حسین بگٹی، کامریڈ تاج بلوچ، راوت خان بلوچ، غنی بلوچ، کامریڈ گہنور بلوچ، احسان کھوسہ، وہاب بگٹی، غلام محمد جمالی، محبوب دایو، حافظ میردوست، غلام ربانی کھوسہ، محمد علی جتک، ظفر عمرانی و دیگر شامل تھے۔
نظامت کے فرائض نیشنل پارٹی جھٹ پٹ کے صدر کامریڈ حکیم بلوچ نے انجام دیئے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*