گوادر: ماہیگیر اتحاد کی ریلی، جلسہ

گوادر ماہی گیر اتحاد کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا. سیکڑوں موٹر سائیکل سواروں نے ڈھوریہ سے آج بروز جمعہ صبح 10 بجے تین کلومیٹر دور شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے اپنے مطالبات کی منظوری کے حق میں ریلی نکالی جس کی قیادت ماہی گیر اتحاد کے مرکزی رہنما حاجی واجو خدا داد کر رہے تھے.

جب یہ ریلی گوادر پریس کلب پہنچی تو اس نے ایک جلسے کی صورت اختیار کر لی. ریلی میں موجود ماہی گیر رہنما اس حبس اور شدید گرمی کے با وجود فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے. کچھ ماہی گیروں نے اپنے مطالبات کے حق میں پلِے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جن پر یہ نعرے درج تھے.

"گوادر میں غیر قانونی ٹالرنگ اور آبی حیات کی نسل کشی بند کی جائے”
"محکمہ فشریر گوادر کی کشتیوں پر بھاری لائسنس فیسوں میں کمی لائے”
"ایسٹ بے میں متاثرہ سیوریج لائین کو جلد مکمل کیا جائے”
"محکمہ فشریز فوری طور پر غیرمقامی ٹالروں پر مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کرے.”

ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ماہی گیر اتحاد کے مرکزی رہنما حاجی واجو خدآداد نے گوادر آل پارٹیز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گوادر کی سب سیاسی پارٹیوں نے ہر مسئلے میں ہماری ہر جدوجہد میں ہماری مدد و تعاون کی اور ہم مزید امید کرتے ہیں کہ وہ آگے بھی ہمارے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے.

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کامیابی میں آل پارٹیز کے علاوہ گوادر پریس کلب کی صحافی برادری اور سوشل میڈیا کے تعاون کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں ہیں. خصوصاً گوادر کے تما م ماہی گیروں نے مکمل یکجہتی کا ثبوت دیا ہے. آج اس گرم موسم اور حبس کی پروا نہ کرتے ہوئے سیکڑوں ماہی گیروں اور اس پیشہ سے متعلق ماہی گیری سے منسلک لوگوں نے گوادر ڈھوریہ سے پریس کلب تک ریلی نکال کر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے. ہم سب کے مشکور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر ہم متحد نہ ہوتے تو آئینی دیوار بہت مضبوط تھی، اس کو آپ کے اتحاد نے کمزور بنا دیا. یہ سب اکیلے ہم نہ کر سکتے تھے. آپ تمام کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ سرکار ہمارے تمام مطالبات، جس میں ایکسپریس وے کے ساتھ تین گزر گاہیں اور گودیوں کا مطالبہ مان گئی ہے. اور همارا مطالبہ هے اب مزید تاخیر نہ کی جائے اور فوری طور پر گزر گاہوں اور گودیوں کا کام شروع کیا جائے.

ریلی کے شرکا سے گزروان ماہی گیر رہنما رفیق صدیق اور پی ٹی آئی کے رہنما مولابخش مجاہد نے بھی خطاب کیا. جب کہ نظامت کے فرائض ماہی گیر رہنما غنی آصف نے ادا کیے.

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*