زمین اور آسمان کے درمیان ایک
برزخ ہے جہاں
جینے کا کھیل
کھیل رہی ہوں
مثبت اور نفی کے درمیاں ایک
ونڈو پیرییڈ ہے
جہاں میں زندگی سے
ملاقات کرنے روز جارہی ہوں
دن اور رات کے درمیاں پو پھٹے کی
ایک ملگجی سی سڑک ہے
جہاں سانسیں اپنی آکسیجن
کا کاروبار کرنا چاہتی ہیں
صحیح اور غلط کے درمیان
ایک سوالیہ نشان ہے
جسکی کھونٹی پر میرا وجود ٹانگ دیا گیا۔
سفید اور کالے کے درمیان
ایک گرے ایریا ہے
جس کی کھڑکی سے میں کائنات کے
طول و ارض ناپنے کے
پیمانے پیدا کرسکوں گی
میرا یہ درمیان کسی پورے کو مکمل نہ کرنے کے باوجود
میرے اندر کے لیے
اثبات کی قبر تیار کر رہا ہے۔