سب کچھ گورا ہے کالک کا کال بڑا ہے
جھوٹ ہی حق ہے اور سچ پائمال بڑا ہے
اک خواہش ہے ننھی منھی لمحے جتنی
اور پورا کرنے کو پورا سال بڑا ہے
بنجر سینے اندر سرخ محبت بیجو
خشکابے میں سبزے کا پاتال بڑا ہے
باس فضا میں، بھوکی آنکھیں منظر میں ہیں
پاؤں دھریں کیسے گلیوں میں رال بڑا ہے
مَیلے بچے بھوکے ننگے ہیں مِیلے میں
کیا سنتا ہوں مولا مالا مال بڑا ہے
اتنی گہری کھائی کیا مرنے کو کم ہے
پر زندہ رہ جانے کو اک بال بڑا ہے
وقت کے بارے بس اتنا کہنا ہے اسود
بے ماضی، بے مستقبل، بے حال بڑا ہے