مجھے سانسوں کی ہے تھوڑ پیا
میرا ساتھ ابھی نا چھوڑ پیا
کری منت زاری ترلے سب
میں نے ہاتھ دئیے ہیں جوڑ پیا
میری مانگ سندور سے خالی کر
ہری چوڑی آ کے توڑ پیا
کہیں پربت پار میں بس جاؤں
جہاں دِکھے نہ میرا کوڑھ پیا
میں نے پگ پگ تیری بلائیں لیں
میں نے پھونکے ورد کروڑ پیا
میری آس کی سانس اکھڑتی ہے
تو مکھ اپنا نہ موڑ پیا
تیرا ہجر وچھوڑا مار گیا
لیا سارا لہو نچوڑ پیا
میری آنکھیں رو رو خاک ہوئیں
میرے اشک نہ ایسے روڑ پیا
تیرے سکے مجھ کو سونا ہیں
چل ماٹی مٹکی پھوڑ پیا
میرا حال دھمال ہے جوگن سا
میں نے وجد لیا ہے اوڑھ پیا
ہے یہ پریم جنم جنماتا کا
مجھے سات جنم تیری لوڑ پیا