دے کوئی شرح معانی آخرش
منزلوں کی بے کرانی آخرش

اپنی تعبیروں کے پیچھے سوگئی
خواب آنکھوں کی کہانی آخرش

تیری دنیا کے حسیں رنگوں سے ہم
کرچکے نقل مکانی آخرش

اک تمنا نے در آئینہ میں
بخش دی ہے رائیگانی آخرش

بے ارادہ ہوگیا سب کچھ یہاں
کیا یقیں کیا بدگمانی آخرش

ایک بے توفیق چاہت سے پرے
کٹ گیا دور جوانی آخرش

اب تیری چاہت مری چاہت بنے
اک پیام آسمانی آخرش

لائے گی بھولے سے اپنی راہ پر
لائے گی یہ سرگرانی آخرش

کوئی تو بیگانگی ہوگی مرادؔ
کھوچکے اپنی روانی آخرش

0Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے