Home » حال حوال » لال بخش رند ۔۔۔ عیسیٰ

لال بخش رند ۔۔۔ عیسیٰ

بلوچ متحدہ محاذ کے زیر اہتمام بلوچ سیاسی ترقی پسند رہنما لالا لعل بخش رند کی گیارہویں برسی کے موقع پر ان کی یاد میں  ایک تقریب کا انعقاد ملیر میں کیا گیا. تقریب میں لالا لعل بخش رند کے قریبی ساتھیوں نے ان کی زندگی اور جدوجہد پر اپنے خیالات کا اظہار کیا.

بلوچ متحدہ محاذ کے جنرل سیکریٹری اکبر ولی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا. تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر اصغر دشتی نے انجام دیئے.

تقریب کے مہمانوں میں صدر مجلس یوسف مستی خان، عیسی بلوچ، اختر حسین ایڈووکیٹ، ڈاکٹر جبار خٹک، نور محمد شیخ، عظیم دھکان، لالا فقیر محمد، عبدالخالق زدران اور الہی بخش بلوچ نے لالا لعل بخش رند کی جدوجہد پر روشنی ڈالی.

مقررین کا کہنا تھا آج بلوچ اور دیگر مظلوم اقوام جس نہج پر پہنچ چکے ہیں انھیں اپنی شناخت اور قومی حقوق کے لئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ لالا لال بخش رند کی جدوجہد قومی حقوق اور مظلوم طبقات کے لیے تھی۔ وہ مظلوموں کی آواز تھے اور رنگ و نسل اور مذاہب سے بالاتر ہو کر لوگوں کو اپنے حقوق حاصل کرنے کی تلقین کرتے تھے۔ وہ اقلیتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے حامی تھے۔ انھوں نے اقلیتوں میں خوف کی فضا کو ختم کر کے انھیں سیاسی اور سماجی جدوجہد میں اپنے ساتھ ملایا۔وہ ایک نڈر اور بے باک انسان تھے۔انہوں نے ایوبی آمریت اور بھٹو کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی.

مقررین کا کہنا تھا کہ ایوب خان کے دور میں جب لیاری والوں کو بیدخل کرنے کی تیاری شروع کی گئی تو لالا لال بخش رند وہ شخص تھے جنہوں نے لیاری بچاؤ تحریک کا آغاز کیا اور لیاری میں ایک بڑا جلسہ کرنے میں کامیاب ہوا۔اس جلسے میں بلوچستان کے نامور لیڈران نے بھی حصہ لیا۔ وہ نیشنلزم اور سوشلزم کے پیروکار تھے۔ان کی زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی.

آخر میں اس تقریب کے اختتام پر بلوچ متحدہ محاذ کے جنرل سیکریٹری اکبر ولی نے حاضرین مجلس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ عہد کیا کہ لالا لال بخش رند کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا.

Spread the love

Check Also

سنگت پوہ زانت ۔۔۔ جمیل بزدار

سنگت اکیڈمی آف سائنسزکوئٹہ کی  پوہ زانت نشست 25 ستمبر 2022 کو صبح  گیارہ بجے ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *