Home » شیرانی رلی » سبین محمود کے نام  ۔۔۔ غنی پہوال

سبین محمود کے نام  ۔۔۔ غنی پہوال

محبت کی دیوی
اے مقدس روح!
تمہارے عشق کی والہانہ سرشاری،
اور خود سپردگی نے
چاروں طرف پھیلے
فنا کے متّوحش قبرستانوں سے پرے
بے باک سچائیوں کے سجے باغ کی
آزاد فضاوں میں
تمہیں ایک ایسا بے فکر پنچھی بنادیا
جسے اب کوئی نہیں مار سکتا
تم اب زندگی کے رگ و پے میں
محبت کے لازوال جذبے کے
سانس کی طرح رواں ہو
اب بھی تمہاری سرگوشیوں کی مہک سے
پھولوں کے دل غنی رہتے ہیں
دلوں کے سونے آنگنوں میں
اب بھی بادِ صبا کی طرح تمہارا انتظار رہتا ہے
پرندوں کی سُریلی آوازوں میں
زندگی کی یہ لہک
تمہاری ہی دین ہے
ہر صبح تم مشرق کے ہونٹوں پر
دمکتی مسکراہٹ کی مانندبیدار ہوتی ہو محبت کی دیوی
اے مقدس روح!
یقیناًتم پرو میتھیس کی لافانی محبت ہو
جو ہمیشہ زندہ رہے گی

Spread the love

Check Also

سوچوں کے مضافات ۔۔۔ نسیم سید

روح رقصاں ہے یوں جیسے مجذوب گھنگھرو مزاروں کے یا دائرہ وار صوفی بھنور خواب ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *