Home » سموراج » Woman of willendrof — تمثیل حفصہ

Woman of willendrof — تمثیل حفصہ

میں بنت حوا… موج در موج میری کہانی چلی آ رہی ہے اور چل رہی ہے… پر کون جانا مجھے؟ یا جان گئے سب؟ شاید جب پہلی بار مجھے بنایا گیا تھا تو تخلیق کار یہ سمجھ گیا تھا کہ میں وہ روپ جو نازک بھی ہوں اور سخت بھی۔۔۔. پر وہ مجھے توڑ نہیں پایا تبھی تو موجود ہوں آج بھی! تب میرا نام ” ویمن آف ولن ڈارف” تھا دیکھنے میں عجیب سی نہ شکل تھی نہ حسن، تھا تو بس”جسم”۔۔۔ کیا جسم کی پہچان جان پایا تھا وہ؟۔ مجھے بناتے ہوئے ڈرا نہیں وہ؟۔ پر دیکھنے والے ڈر گئے ہوں گے! پھر بھی مجھے باربار بنایا جانے لگا کبھی سوال کی طرح اور کبھی جواب کی طرح… دوسری بار جب مجھے دیکھا گیا تب میں ” مونا لیزا ” تھی ” اک ویرانی سی ویرانی تھی ” یہ کیسی حیرانی تھی؟ ۔میری دبی سی مسکان میری بیوا آنکھوں سے جھانک رہی تھی۔ شاید وہ پہلی خوشی تھی کہ اب میرے چہرے کے خدوخال بھی تخلیق کار کو لبھانے لگے تھے. میری قدر میرے احساسات سے بھرے چہرے میں محسوس ہونے لگی تھی۔ کئی صحراؤں کی خاک چھان کر میرا وجود ذات کے ان مراحل میں پہنچ چکا تھا جہاں شام ہو چکی تھی اور شام کی گہرائی میں اپنے ہی ذرد چہرے پہ پیار آنے لگا تھا جیسے کہ میں کوئی ”شکنتلا” ہوں یا پھر کسی بادشاہ کی وہ زوجہ جس کے لیے ”تاج محل”بنوایا گیا ہو۔ میں کئی گھنٹوں سے یوں ساکت تھی کہ جیسے مجھ میں سانس ہی نہیں ۔کیا رات کی کالک مجھے ڈس چکی تھی۔کیا اس کا زہر میرے وجود میں نیلاہٹ لا چکا تھا؟ آہ! درد سا چار سْو تھا۔ میں چپ چاپ خاموشی کی گھنٹیاں سْن رہی تھی۔ تبھی کوئی میرے اندر بولنے لگا۔۔۔. وہ کون تھی؟ میں؟ یا کوئی اور؟ اتنا شور جیسے وہ گھنگھرو باندھ کے ناچنے لگی ہو اور یہ گا رہی ہو۔۔۔.! ”صدا ہوں اپنے پیار کی، جہاں سے بے نیاز ہوں کسی پہ جو کھل سکے وہ زندگی کا راز ہوں”
________
_________________
*صدا ہوں اپنے پیار کی.( ملکہ ترنم نورجہاں کا گانا. فلم ” انار کلی ” )
*تاج محل. ایک مشہور عمارت جو آگرہ میں واقع ہے شاہ جہان بادشاہ نے اپنی زوجہ ” ممتاز محل ” کے لیے تعمیر کروایا تھا.
*شکنتلا ” کالی داس” کا معرکتہ الآرا ڈرامہ. *مونا لیزا.( لیو نارڈو داونچی کا ایک ایسا پورٹریٹ جو آج تک ایک خوبصورت یاد گار ہے
*ویمن آف ولن ڈارف یہ پتھر کے دور میں بنایا گیا سب سے مشہور بت ہے جو کہ تیس ہزار بی سی کے زمانے میں بنایا گیا یہ ایک حاملہ عورت کا ایسا بت ہے جس میں اس کے جنسی اعضاء تو تفصیل سے بنائے گئے ہیں پر ا س کا چہرہ اور ہاتھ پاؤں نہیں بنائے گئے۔

Spread the love

Check Also

کنا داغستان  ۔۔۔ رسول حمزہ توف؍غمخوارحیات

سرلوزنا بدل سر لوزاتا بارواٹ گڑاس لس و ہیت ! تغ آن بش مننگ تون ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *