صحرا ہے کہ ساگر ہے
سر ہے کہ یہ پتھر ہے
دیوار ہے یا در ہے
یہ کون کرے گا طے ؟
نابینا ہے کہ بینا ہے
مرنا ہے کہ جینا ہے
اخلاص ہے کینا ہے
یہ کون کرے گا طے ؟
حیواں ہے کہ انساں ہے
دانا ہے کہ ناداں ہے
مشکل ہے کہ آساں ہے
یہ کون کرے گا طے ؟
یہ جاگ ہے سپنا ہے
منزل ہے کہ رستا ہے
یہ پھول ہے کانٹا ہے
یہ کون کرے گا طے ؟
سچا ہے کہ جھوٹا ہے
الٹا ہے کہ سلٹا ہے
بجھتا ہے سلگتا ہے
یہ کون کرے گا طے ؟
تیرا ہے کہ میرا ہے
سادھو ہے لٹیرا ہے
کس نے کسے گھیرا ہے
یہ کون کرے گا طے ؟
مقتول کہ قاتل ہے
جاہل ہے کہ فاضل ہے
خنجر ہے کہ یہ دل ہے
یہ کون کرے گا طے ؟