ٓامریکا میں عورت کی تاریخ

امریکا کے ابتدائی دور میں، جن غلام عورتوں سے ناجائزاولادیں پیدا ہوتی تھیں، انھیں عدالتوں میں بھی گھسیٹا جاتا تھا، جبکہ گورے آقاؤں سے کوئی باز پرس نہ ہوتی تھی۔ ایسی ہی ایک عورت، جس کا تعلق نیو انگلینڈ سے تھا، پانچویں بار ناجائز بچہ کی ماں بننے پرسزاوار قرار دی گئی، اُس نے عدالت سے کچھ کہنے کی استدعا کی، جسے منظور کیا گیا، اُس نے عرض کیا: ”میں ایک غریب ہوں، ناخوش عورت ہوں، جس کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ کوئی وکیل کرسکے اور مقدمہ کی پیروی کرسکے۔۔۔ یہ پانچویں بار ہے، معزز حضرات، کہ مجھے ایک ہی الزام پرکٹہرے میں لاکھڑا کیا گیا ہے؛ دو بار مجھے بھاری جرمانے بھرنے پڑے تھے، اور دومرتبہ جرمانے نہ بھرنے پر سرعام ذلیل کیا گیاتھا۔ ہوسکتا ہے ان اقدامات سے کوئی قانونی ضرورت پوری ہوتی ہو، مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ تاہم جب کچھ قوانین واضح طورپر نامعقول ہوتے ہیں، انھیں ختم کردیا جاتا ہے؛ یوں بہت سارے لوگوں کواس تکلیف سے نجات مل جاتی ہے۔ میں یہاں یہ کہنے کی آزادی چاہتی ہوں کہ جس قانون کے تحت مجھے بار بار سزای دی گئی، یہ نامعقول ہے، اورانتہائی سخت ہے۔ قانون سے قطع نظر، میں اس سزا کی فطرت سمجھنے سے قاصر ہوں۔۔۔(کہ جس میں امریکی آقا جنسی استحصال کا نشانہ بنائے اورناجائز اولاد کی باز پُرس بھی اُس عورت سے کی جائے، کہ جو محض شکاری کا ’شکار‘ ہو“۔ مترجم)
ایک بیسٹ سیلنگ جیبی کتاب، جو اُن دنوں لندن سے شایع ہوئی اور امریکی نوآبادیوں میں بہت زیادہ پڑھی گئی۔یہ 1700کی دہائی کا زمانہ تھا۔ کتاب کا عنوان تھا Advice to a Daughter(ایک بیٹی کے لیے مشورہ)۔ یہ کہتی تھی: تمھیں لازما معاشرہ کی بنیادسازی کے لیے خود کو پیش کردینا چاہیے، جنسوں میں عدم مساوات ہے، اور یہ دنیا کی بہتر معیشت کے لیے ضروری ہے؛ مرد، جوقانون تشکیل دیتے ہیں، اُن کا ذہانت میں بڑا حصہ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تم ساری ذمے داریوں کے لیے خود کو مناسب طورپر تیار کرو، کیونکہ تمہاری جنس رہنمائی کے لیے مرد انہ ذہانت کی محتاج ہے، اور مرد کی طاقت تمہارے تحفظ کے لیے ہے۔۔۔
اس طاقت ور تعلیم کے باوجود، عورتوں نے ہمیشہ بغاوت کی، تاہم ان بغاوتوں کوچند کمزوریوں کا سامنا رہا: وہ ہروقت اپنے آقاؤں کی نظروں میں رہتی تھیں، ایک دوسرے سے الگ تھلگ رکھی جاتی تھیں، اور یوں دیگر مظلوم عورتوں کے ساتھ منظم نہیں ہوپاتی تھیں۔
این ہچنسن ایک مذہبی عورت تھی، تیرہ بچوں کی ماں تھی، اورجڑی بوٹیوں سے علاج کی ماہر تھی۔ اُس نے میسا چیوسٹس بے کالونی کے ابتدائی ایام میں، پادریوں سے بغاوت کی، اُس کا کہنا تھا کہ وہ اور دیگر عام لوگ خود انجیل کی تشریح کرسکتے ہیں۔ وہ بہت اچھی مقرر تھی، اُس نے عورتوں کے کئی اجلاس منعقد کیے، جن میں خواتین کی شرکت بڑھتی چلی گئی، یہاں تک کہ بہت سے مرد بھی ان اجتماعات میں شریک ہوئے۔ بوسٹن میں اُس کے گھر پر باقاعدہ اجتماعات ہونے لگے تھے، جن میں وہ مقامی حکام پرکڑی تنقید کرتی تھی۔ گورنر جان ون تھراپ نے اُسے سرکش اورغصیلا،اور مرد وں سے زیادہ منہ زورقرار دیا، اور ساتھ ہی عقل وفہم میں عام عورتوں سے بھی کمتر کہا۔ این ہچنسن پر دوبار مقدمہ چلایا گیا: چرچ نے توہین مذہب کا الزام لگایا، اور حکومت نے رٹ چیلنج کرنے کا الزام تھوپا۔ سول مقدمہ کے دوران وہ حاملہ اور بیمار تھی، مگر اسے کٹہرے میں بیٹھنے تک کی اجازت نہ دی گئی، یہاں تک وہ گرنے جیسی ہوگئی تھی۔کئی ہفتوں اُس کے مذہبی عقائد کی تفتیش ہوئی، جس کے بلیغ جوابات اُس نے انجیل کے مستند حوالوں سے دیے۔ تھک ہار کر خاتون نے تحریری طورپراظہار شرمندگی کیا، مگر عدالت پھربھی مطمئن نہ ہوئی۔ عدالت کا مؤقف تھا کہ خاتون کے چہرے پر ”شرمندگی“ کے آثار نظر نہیں آئے۔
خاتون کوکالونی سے نکال دیا گیا، اور جب 1638میں وہ رہوڈ آئی لینڈ چلی گئی، پینتیس خاندان اُس کے ساتھ روانہ ہوئے۔ بعد ازاں وہ لانگ آئی لینڈ کی ساحلی پٹی میں جا بسی، جہاں مقیم سرخ ہندیوں نے اُسے دشمن سمجھا، اوراُسے خاندان والوں سمیت مارڈالا۔
ان سالوں، عوامی امور میں خواتین کی شراکت داری نہ ہونے جیسی ہی رہی۔ Julia Spruill جارجیا کے ابتدائی ریکارڈ سے ایک کہانی سناتی ہے، کہ ہندی ماں اور انگریز باپ کی بیٹی میری میتھیوز، جوکریک (ہندی امریکیوں کی زبان) بول سکتی تھی،سرخ ہندیوں کے امور پر انگریزگورنرجیمس اولے تھروپ کی مشیر بن گئی تھی۔ اسپروئیل کہتی ہے کہ جوں جوں آبادکاری بڑھتی گئی، عوامی زندگی میں خواتین کی شراکت کم ہوتی چلی گئی۔ تاہم امریکی انقلاب کے دوران، اسپروئیل لکھتی ہے،کہ عوامی امور میں خواتین کی ضرورت بڑھ گئی تھی۔ عورتوں نے وطن پرست گروہ تشکیل دیے، برطانیہ مخالف تحریک میں عملا حصہ لیا،اورتحریک آزادی کے لیے مضامین لکھے۔ وہ برطانوی tea taxکے خلاف مہم کا حصہ بنیں۔ انھوں نے Daughters of Libertyمنظم کی، برٹش تجارتی سامان کا بائیکاٹ کیا، اپنی بہنوں پرزوردیا کہ اپنے کپڑے خود تیار کریں اورصرف امریکی سامان تجارت استعمال کریں۔ سن 1777میں، بوسٹن میں خواتین کی ٹی پارٹی اور کافی پارٹی کافی مشہورہوئیں، ایبی گیلز ایڈمس نے شوہرکے نام خط میں ان کا ذکر کچھ یوں کیا: ایک بہت نمایاں، دولت مند، کامیاب تاجر، جس نے چھ شلنگ فی پاؤنڈ کافی بیچنے سے انکار کردیا تھا۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد، چھکڑے اور ٹرنک لے کر روانہ ہوئیں، اور کافی کے گودام پہنچ گئیں، اور تاجر سے چابیاں طلب کیں، اُس نے چاپیاں دینے سے انکار کیا، جس پر ایک عورت نے اُسے گردن سے دبوچ کرچھکڑے کی جانب گھسیٹا۔ جب گودام مالک کوکوئی راہ فرار نہ ملی، توچابیاں عورتوں کو تھمادیں۔ عورتوں نے گودام کھولا اور کافی ٹرنکوں میں بھرکر روانہ ہوگئیں۔۔۔ وہاں موجود مرد ہکا بکا یہ سب دیکھتے رہ گئے۔
مؤرخین نے یہ نکتہ بھی اٹھایا ہے، کہ امریکی انقلاب میں عام خواتین کا اہم کردار ہے، مگر اس کردار سے بڑے پیمانے پر صرف نظر کیا گیا ہے، جبکہ بانیان امریکا کی بیویوں ڈولی میڈیسن، مارتھا واشنگٹن، ایبی گیل ایڈمز وغیرہ کی بڑی تعریف و توصیف ہوئی ہے۔ غریب خواتین، لڑائی کے آخری سالوں میں بھرپورمددگار ثابت ہوئیں، مگر انھیں بعد میں ”جسم فروش“ کے طورپر تاریخ میں جگہ دی گئی، جبکہ مارتھا واشنگٹن کو تاریخ میں خاص مقام ملا، خاص طورپرجب وہ ویلے فورج میں شوہر سے ملنے گئی تھی۔
امریکی انقلاب کے بعد، ریاست کے کسی آئین میں عورت کو ووٹ کا حق نہیں دیا گیا، سوائے نیو جرسی کے۔نیوجرسی نے بھی پھر1807میں یہ قانون منسوخ کردیا تھا۔ نیویارک کے آئین میں خواتین کو واضح طورپر ”مرد“ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے، ووٹ کے حق سے محروم کیا گیا تھا۔ حالانکہ یہ وہ دور تھا کہ جب نوے فیصد مرد اور چالیس فیصد خواتین خواندہ تھیں۔ یہ خواتین گھرداری بھی کرتی تھیں۔ دکانیں بھی چلاتی تھیں۔ دیگرچھوٹے موٹے کاروبار میں بھی حصہ لیتی تھیں۔
امریکی انقلاب کے بعد، عورت کی برابری کا خیال فضا میں گردش کرنے لگا تھا۔ ٹام پین نے عورت کے لیے یکساں حقوق کی بات کی۔ انگلینڈ میں Mary Wollstonecraftکی کتاب اس بارے میں رہنما ثابت ہوئی، اس میں خواتین کے حقوق پرزوردیا گیا تھا۔ وول اسٹون کرافٹ دراصل انگریز قدامت پرستوں اور انقلابِ فرانس کے مخالفین کوردعمل دے رہی تھیں۔ جیسا کہ ایڈمنڈ برک نےReflections on the Revolution in Franceمیں کہا تھا کہ عورت محض ایک جانور ہے، اور وہ بھی کم درجے کا۔ جس پروول اسٹون کرافٹ نے لکھا کہ ”میری خواہش ہے کہ عورتوں کوزیادہ سے زیادہ طاقت مجمتمع کرنی چاہیے، کیونکہ ان کی نازک صفات کو کمزوری باور کیا جاتا ہے، اور جنھیں محض ترس یا محبت والی کوئی مخلوق سمجھا جاتا ہے، جو جلد ہی یہ جذبہ حقارت میں ڈھل جاتا ہے۔۔۔ میری تمنا ہے کہ عورتوں کو سمجھاؤں کہ، جنسی امتیاز سے قطع نظر، ”انسان“ کا کردار اُن کے لیے کس قدر اہم ہے(۱)۔.
کئی سمتوں سے ایک پیچیدہ سی مہم چل پڑی تھی۔ اب خواتین گھروں سے نکل رہی تھیں، صنعتی زندگی میں داخل ہورہی تھیں۔ باہر کی دنیا، جوگھر کی مضبوط روایات پارہ پارہ کردیتی ہے، خدشات اورتناؤ جنم دینے لگی تھی۔ مردوں کی اس دنیا میں اکثر خواتین بھی مجبور زندگی ہی بسر کررہی تھیں۔ جیسے جیسے معیشت نے ترقی کی، مرد بطور مکینک اور تاجرزیادہ سے زیادہ جارح ہوتے چلے گئے تھے۔ گھر سے نکلنے والی عورت باہر کی دنیا کے خطرات میں گھرتی چلی گئی۔ اُسے کہا گیا کہ ”اپنا منہ بند رکھے“۔
باہر کی دنیا دن بہ دن زیادہ مشکل، زیادہ کمرشل، اور توجہ طلب ہورہی تھی۔ خاندان والے ماضی کا ’جنت‘ جیسا گھر بھی چاہتے تھے، اورباہر والے معاشی ترقی میں زیادہ سے زیادہ محنت اور قربانی مانگ رہے تھے۔ اب عورت دوپاٹوں میں پس رہی تھی۔ سن 1819میں، ایک نیک اطوار بیوی لکھتی ہے: باہر کی دنیا کی فضا زہریلی ہے۔ تمھیں لازما اپنے ساتھ تریاق رکھنا چاہیے، ورنہ اس دنیا کا زخم جان لیوا ثابت ہوگا۔
اس سب کے باوجود، عورت کا ماتحت اسٹیٹس ختم نہیں کیا گیاتھا: وہ ووٹ نہیں دے سکتی تھی، اپنی جائیداد نہیں بناسکتی تھی، مردوں کے مقابلہ میں آدھی اجرت پاتی تھی، ’قانون‘ اور ’دواسازی‘ کا پیشہ اختیار نہیں کرسکتی تھی، کالجز میں نہیں پڑھاسکتی تھی، وزارتیں نہیں سنبھال سکتی تھی(۲)۔
نیو انگلینڈ میں، Samuel Slaterنے سن 1789میں صنعتی اسپننگ مشین متعارف کروائی، اور نوجوان لڑکیوں کی مانگ بہت بڑھ گئی، تاکہ فیکٹریوں میں اسپننگ مشین پر کام کی کھپت پوری کی جاسکے۔ سن 1814میں، میساچیوسٹس میں پاور لوم متعارف کروائی گئی۔ کپاس سے کپڑا بنانے کے لیے مزدوروں کی شدید ضرورت پیدا ہوئی۔ اب ٹیکسٹائل فیکٹریاں تیزی سے بڑھتی جارہی تھیں، اور اسی سے نوے فیصد عملہ خواتین پر مشتمل ہوتا تھا، ان کی اکثریت پندرہ سے تیس سال کے درمیان تھی۔ ان کی یومیہ اجرت 371.2سینٹس سے بھی کم تھی، جبکہ ہزاروں خواتین کی دہاڑی صرف 25سینٹس تھی، اورکام کا دورانیہ بارہ سے سولہ گھنٹے تھا۔ اس ظالمانہ سلوک کا شدید ردعمل سامنے آیا۔ ہڑتالوں کی ابتدا ان ہی خواتین سے ہوئی۔ سن 1824میں، رہوڈ آئی لینڈ کی ایک فیکٹری میں خواتین مزدوروں نے پہلی ہڑتال کی۔یہ تاریخ کی پہلی معلوم ہڑتال تھی۔ عورتوں نے مرد وں کے ساتھ مل کراحتجاج کیا، تنخواہوں میں کٹوتی اور کام کے طویل دورانیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ چار سال بعد، نیو ہیمپشائرمیں بھی فیکٹری خواتین نے ہڑتال کی۔ لوویل میساچیوسٹس میں ایک لڑکی کوفیکٹری سے نکال دیا گیا، جس پر دیگر خواتین نے کام چھوڑ ہڑتال کی، ایک لڑکی ٹاؤن پمپ پر چڑھ گئی، اور خواتین کے حقوق پر لمبی چوڑی تقریر کی(۳)۔ 1840کی دہائی میں کئی شہروں میں خواتین کی یہ ہڑتالیں سامنے آئیں، تاہم اکثر ناکام ہوئیں۔ ان ہڑتالوں میں خواتین عموما چھڑیوں اور پتھروں سے مسلح ہوا کرتی تھیں، لکڑی کے دروازے توڑ کر،ملوں میں گھُس کرلومز بند کردیتی تھیں۔
کیتھرین بیچر، اس دور کی ایک اصلاح پسند عورت تھی، فیکٹری سسٹم کی بابت لکھتی ہے: مجھے اجازت دیجیے کہ وہ چند حقائق آپ کے سامنے رکھ دوں، جن کا میں نے براہ راست مشاہدہ کیاہے۔ میں جاڑے کے موسم میں وہاں کام کررہی تھی، ہرصبح پانچ بجے گھنٹیاں بجا کرسارے مزدوروں کو بیدار کیا جاتا، تیاری اور ناشتہ کا وقت بہت مختصر ہوتا تھا، اور پو پھٹنے سے قبل ہی فیکٹری کا کام شروع ہوجاتا تھا۔ دوپہر بارہ بجے تک بغیر رُکے مشقت لی جاتی تھی، اس دوران ہم مسلسل کھڑے رہتے تھے۔ دوپہر کے کھانے کے لیے صرف آدھا گھنٹہ دیا جاتا تھا، اور اُس میں بھی آنے جانے کا وقت شامل ہوتا تھا۔ملوں میں واپس پہنچ کر سات بجے تک مسلسل کام کرتے تھے۔۔۔ یاد رہے کہ ہماراسارا وقت اُن کمروں میں گزرتا تھا، جہاں صرف تیل کے لیمپ جل رہے ہوتے تھے، اور چالیس سے اسی محنت کش کام کررہے ہوتے تھے۔ انتہائی گھُٹن ہوتی تھی۔ کمرے کی ہوا میں کپاس، گتے اور لومز کے بے شمار ننھے ذرات اڑ رہے ہوتے تھے۔
نینسی کوٹس نے کتاب The Bonds of Womanhoodمیں عورت کی دوہری مشکل تفصیل سے بیان کی ہے: انیسویں صدی کی عورت کواس فلسفہ حیات میں پھنسایا گیا، کہ گھر میں بھی ذمے داریاں نبھائے، اور اگر باہر کارخانوں میں کام پر مجبور کردیا جائے، تووہاں بھی بہترین کارکردگی دکھائے۔ اس صورتحال نے خواتین میں اجتماعی طورپر استحصال کا شعور بیدار کیا، یکجہتی پیدا ہوئی۔ وقت کے ساتھ ساتھ خواتین کے حقوق کے لیے کئی تحریکیں اور تنظیمیں وجود میں آئیں، بتدریج کئی قانونی حقوق حاصل ہوئے۔

حواشی
۱)”خواتین کے حقوق“ کی اصطلاح کے تناظر میں یہ بہت اہم نکتہ ہے۔ یہ اصطلاح از خود ”امتیاز“ ظاہر کرتی ہے۔ کیا ”انسانی حقوق“کی موجودگی میں، ”عورتوں کے حقوق“کی بات امتیازی سلوک نہیں؟ خاتون نے بڑی دانشمندی سے عورتوں کو بطور ”انسان“ اہمیت سمجھانے کی کوشش کی ہے۔

۲)آج تک عورت امریکا کی صدر بھی نہیں بن سکی ہے۔ خواتین کے حقوق پراپنے مبینہ نظریات کے برخلاف، بانیان امریکا سے لے کر تاریخ جدید تک کانگریس اور وائٹ ہاؤس کہیں بھی عورت کویکساں مقام نہیں دیا گیا۔ آج بھی عورت کے جنسی استحصال کی کہانیاں امریکا ہی سے برآمد ہورہی ہیں۔ ستم بالائے ستم یہ کہ جنسی استحصال بھی کسی گھریلو خاندانی عفیفہ کا نہیں ہورہا،بلکہ وہ خواتین جوجنسی ہراسانی کی روح رواں ہیں، وہی شکوہ کناں ہیں۔

۳)یہ بڑی قابل توجہ حقیقت ہے، کہ عورت کو پہلی بارناانصافی کا شدید ترین احساس مغربی دنیا میں ہوا۔ انسانی تہذیب پرصنعتی انقلاب کی پہلی چوٹ عورت پرپڑی تھی۔ مسلم دنیا میں خواتین کے حقوق کی بات کرنے والے اس سچائی سے واقف نہیں، کہ عورت کے حقوق کا سوال پہلی بارصنعتی دنیا سے اٹھا تھا، اگر عورت اپنے فطری کردار، اورخاندانی تحفظ و تقدس سے محروم نہ کی جاتی،اورکارخانوں کی نذر نہ کی جاتی، یہ سوال کہیں موجود نہ ہوتا۔ اپنی اصل میں ’خواتین کے حقوق‘ کا سوال گھریلو خاندانی عورت کا مسئلہ ہی نہیں ہے۔ یہ سوال فطری اور غیر فطری دوہری زندگی، متصادم کردار، اورمتناقص صورتحال سے دوچار عورت کا تھا اور ہے۔ یقینا یہ سوال ان پڑھ دیہی معاشروں میں بھی سنگین ہے لیکن اس کا تعلق مذہب سے نہیں بلکہ جاگیر دارانہ نظام سے ہے، جسے ختم ہونا چاہیے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*